ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بے نامی جائیدادوں کے الزامات کی سی بی آئی جانچ کرانے کمار سوامی کا مطالبہ

بے نامی جائیدادوں کے الزامات کی سی بی آئی جانچ کرانے کمار سوامی کا مطالبہ

Thu, 25 May 2017 02:16:52    S.O. News Service

بنگلورو:24/مئی(ایس او  نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے ان کے اور ان کے خاندان پر 20 ہزار کروڑ کی املاک اور سرمایہ کاری رکھنے کے الزامات پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیلنج کیا کہ اس کی سی بی آئی جانچ کے احکامات صادر کردئے جائیں۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کے پاس 20ہزار کروڑ روپے رکھنے کا اگر الزام ثابت ہوجائے تو مرکزی حکومت یہ ساری رقم رکھ لے۔اس رقم سے کسانوں کے قرضہ جات معاف کردئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ بنگلور سمیت دنیا کے کسی بھی کونے میں ان کی ایک بھی بے نامی املاک کو ظاہر کردے تو وہ سرگرم سیاست سے کنارہ کش ہوجائیں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ انکم ٹیکس محکمہ کو کسی کانگریس کارکن نے شکایت نہیں کی ہے بلکہ یہ ساری کارستانی ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کی ہے۔ بی جے پی کے دفتر سے ہی یہ شکایت تیار ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کی مانگ ہر طرف سے ہورہی ہے، اسی لئے وزیر اعظم کو چاہئے کہ ملک میں جتنے لوگوں کی بے نامی جائیدادیں ہیں،ان تمام کو ضبط کرکے کسانوں کے قرضہ جات معاف کردیں۔ان کے خلاف اگر بے نامی جائیداد رکھنے کا الزام ثابت ہوجائے تو وہ بخوشی اپنی جائیداد کسانوں کو دینے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے دوروں کا ڈھونگ رچاکر عوام کی توجہ مبذول کرانے میں ناکام بی جے پی قائدین اب یہ نیا ناٹک کررہے ہیں،لیکن وہ اس طرح کی جانچ سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔


Share: